جماعت اسلامی ہند نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے معاملہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معمولی واقعہ کو جس انداز سے طول دے کر قومی معاملہ بنادیا گیا، اس سے حکومت کا فسطائی چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
جماعت اسلامی کی ماہانہ پریس بریفنگ کو خطاب کرتے ہوئے اس کے قیم انجینئر محمد سلیم نے آج الزام لگایا کہ ایک خاص فکر کے لوگوں نے کئی ریاستوں میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ووٹوں کی صف بندی
کرنے کی غرض سے اس معاملے کو اتنا طول دینے کی کوشش کی تاکہ ملک میں فرقہ وارانہ ماحول قائم کرکے الیکشن میں جیت حاصل کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے بعض چینلوں نے بی جس انداز سے جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کنہیا کمار کے خلاف میڈیا ٹرائل چلا کر عدالت کے فیصلہ آنے سے پہلے ہی انہیں ملک کا غدار قرار دے دیا اس سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ کچھ میڈیا چینل مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے میں فسطائی قوتوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔